عدنان مسعود کی سخن آرایاں۔ دروغ برگردن قاری

صنف قوالی کی مجلس عزا بشکریہ کوک اسٹوڈیو

تمثیل کروں تو اردو مشاعروں میں تقدیم و تاخیر کی ایک تہذیبی قدر ہے جس کا ادبی لوگ اتباع کرتے ہیں۔  اب یہ کوئی قانون نہیں کہ توڑنے پر سزا ہو مگرعرفا شرفا میں ادبی قد کی پیمائش کے لئے امر مستعمل  ہے۔  جب علی  ظفرصاحب نے استاد جمن  کی یار ڈاڈی عشق آتش  کے گلے پر کند استرا چلایا تب بھی ہم خاموش رہے کہ نرود میخ آھنین در سنگ۔ مگر اب یہ جو دیدہ دلیری کے ساتھ غلام فرید صابری کی مشہور و معروف قوالی تاجدار حرم پر عاطف اسلم کا سرقہ وارد  ہوا ہے تو ہم سے چپ نا رہا گیا، بخدا دل مغمموم ہے کہ کیا کہیے۔

ِ
 

 ارے میاں، نقل کے لئے عقل چاہیے۔  اگر آواز میں پاٹ نہیں، لے اٹھانے کا حوصلہ المعروف تپڑ نہیں، نا قوالی کا ماحول بنا سکنے کا اعجاز، نا گلو نا عقیدت نا سوز، نا سر نا تال،  تو کیوں ایسی دشوار صنف میں کی اوکھلی میں سر ڈالتے ہو؟ خصوصا ایسے کلام پر جس میں اساتذہ نے ساز توڑ دیے اور سازندوں نے انگلیاں ۔ جناب، کلاسیکی قوالی نا آپکا انڈین آئڈل ہے، اور نا ہی .جینے لگا ہوں کی ٹریبل بھری آٹو ٹیون تکرار۔ آپ کے یہاں تو قوالی کے لئے لازم و ملزوم آواز کے زیروبم سے لے کر سر اور تال اور لے کی موسیقی کی دھند ہی مفقود ہے، کبھی نمی دانم چہ منزل بود یا مینڈا عشق جیسے کلاسکس سنیں توکچھ  اندازہ ہوکہ ریو اور جذب حال میں کیا تفاوت ہے۔

 مقصود نئی موسیقی یا تجربات پر تنقید نہیں۔ خانصاحب نے بھی تجربات کئے اور کچھ بہت خوب کئے، جبکہ کچھ کمرشلائزڈ رہے۔ ابھی حال ہی میں فرید ایاز اور ابو محمد کا بھی اچھا تجربہ تھا لیکن تاجدار حرم جیسے کلاسک کی ری برانڈنگ کی مثال بعذر “ہلکی پھلکی جدید قوالی” تو وہی رہی کہ

بر دوشِ غیر دست نہاد از رہِ کرم
ما را چو دید لغزشِ پا را بہانہ ساخت

راقم کو پورا یقین ہے کہ نا تو گانے والے نے، اور نا سن کر پسند کرنے والوں میں سے کسی نے آجتک محفل سماع میں شرکت کی ہوگی، اور نا ان کو حال کی کیفیت و تکرار سے کچھ آگہی کا معاملہ ٹھرا ،بلکہ ہمارا تو غالب گمان ہے کہ ان  کوبین الصنف (کراس جینرا)  موسیقی سے بھی اتنی ہی واقفیت نا ہوگی جتنی کہ مصحفی کی بکری کو ضحافات سے تھی۔

تو بھائئ عاطف، اگر آواز برٹنی سپئرز کی ہو تو اڈیل یا ڈیانہ کرال بننے کی کوشش نہیں چاہیے۔ اگر استاد محاورة قلم توڑ دے  تو عزت اس میں ہوتی ہے کہ  دہلیز کو چوم کے چھوڑ دیا دیکھا کہ یہ پتھر بھاری ہے، نا کہ ڈومنی گاوے تال بے تال۔  باقی جو مزاج یار میں آئے۔

Share

3 Comments to صنف قوالی کی مجلس عزا بشکریہ کوک اسٹوڈیو

  1. August 19, 2015 at 10:54 am | Permalink

    بہت خوب – میں تو عاطف کی قوالی سے زیادہ اس قوالی کے تعریفی ٹوکرے بانٹنے کر دینے والوں پر حیران ہوں

  2. August 20, 2015 at 7:21 pm | Permalink

    اگر عاطف اسلم کی کاوش کو قوالی کے طور پر نہ لیا جائے تو پھر اس کاوش کو سنا جاسکتا ہے۔ بے شک عاطف ایک تربیت یافتہ گویا نہیں ہے، یہ ان گویوں کا نمائندہ ہے جو ایک دو گانوں کی وجہ سے شہرت حاصل کر لیتے ہیں اور پھر تک بندی کے ذریعے سے ہی، مگر ، آگے بڑھتے جاتے ہیں۔
    رہ گئی بات عاطف اسلم والے “تاجدار حرم ” کی تو اس بات کے باوجود کہ اس کاوش کو اور بہتر بنایا جاسکتا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ عاطف کی کوشش کو سراہنا چاہئے۔ ایسے تجربے اور زیادہ ہونے چاہئیں۔

    ہمیں لکیر کا فقیر نہیں بننا چاہئے۔

  3. August 22, 2015 at 11:09 am | Permalink

    مجھنے ذانی طور پر عاطف کی یہ کوشش بہت اچھی لگی ہے، اور چونکہ موسیقی فنون لطیفہ میں شمار ہوتی ہے اس لئے مویسقی میں ہر فرد کی اپنی پسند یا نہ پسند ہوتی ہے۔ ساتھ ہی اگر کلاسیکل موسیقی کو پیمانہ مان لیا جائے تو اکثریت موسیقی سے اتنی ہے بیزار ہو جائے گی جتنا کہ آپ عاطف یا علی ظفر کی گلوکاری سے بیزار ہیں۔

Leave a Reply to علی

You can use these HTML tags and attributes: <a href="" title=""> <abbr title=""> <acronym title=""> <b> <blockquote cite=""> <cite> <code> <del datetime=""> <em> <i> <q cite=""> <s> <strike> <strong>