فراز تیرے جنوں کا خیال ہے ورنہ عدنان مسعود کی سخن آرایاں۔ دروغ برگردن قاری

February 15, 2011

نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم

Filed under: مذہب — ابو عزام @ 9:26 am
کسی غمگسار کی محنتوں کا یہ خوب میں نے صلہ دیا
کہ جو میرے غم میں گھلا کیا اسے میں نے دل سے بھلا دیا
جو جمال روئے حیات تھا، جو دلیل راہ نجات تھا
اسی راہبر کے نقوش پا کو مسافروں نے مٹا دیا
میں تیرے مزار کی جالیوں ہی کی مدحتوں میں مگن رہا
تیرے دشمنوں نے تیرے چمن میں خزاں کا جال بچھا دیا
تیرے حسن خلق کی اک رمق میری زندگی میں نہ مل سکی
میں اسی میں خوش ہوں کہ شہر کے دروبام کو تو سجا دیا
تیرے ثور و بدر کے باب کے میں ورق الٹ کے گزر گیا
مجھے صرف تیری حکایتوں کی روایتوں نے مزا دیا
کبھی اے عنایت کم نظر! تیرے دل میں یہ بھی کسک ہوئی
جو تبسم رخ زیست تھا اسے تیرے غم نے رلا دیا
Share

February 2, 2011

فراعنہ کی سرزمیں اور ٹوئٹر انقلابی

Filed under: خبریں,سیاست — ابو عزام @ 12:23 am

انقلابات ٹوئٹر اور فیس بک سے نہیں آتے۔

انقلابات سوشل میڈیا کی آمد سے بہت پہلے سے آ رہے ہیں اور اس وسيلة الاتصال کے ختم ہونے کے بعد بھی آتے رہیں گے۔اسکا کیٹیلسٹ کبھی صدا بہ صحرا سندھ ہوتی ہے تو کبھی ٹوئٹ۔ انقلابات کا منبع  ظلم اور جبر، ناانصافی اور مطلق العنانی کی  مخالفت سے پھوٹتا ہے جس کی ابتدا معاشرتی اور معاشی مسائل کا حل اور انتہا انسان کو انسان کی غلامی سے نکال کر اپنے رب کی بندگی میں‌ دینا قرار پاتی ہے۔
آج سرزمین یوسف کا انقلاب تسلسل ہے اس اذاں کا جو قطب نے دار پر چڑھ کر اور البنا نے سینے پر گولی کھا کر دی ۔ کردار مختلف سہی لیکن آب جبر و استبداد کے پردے ہٹا دیں اور جمہوری طریقے سے لوگوں کو اپنا حق راےدہی استعمال کرنے کا حق دیں تو تونس سے قاہرہ تک غنوشی و الہلباوی و بدیع ہی ابھرتے ہیں۔ ‘روشن خیال’ اس ‘ہائی جیکنگ’ کا منظر فلسطین و الجزائر میں دیکھ چکے ہیں، اب قاہرہ کی گلیوں میں دیکھیں۔
’ادْخُلُوْا مِصْرَ اِنْ شَآءَ اللّٰہُ اٰمِنِیْنَ‘
Share

Powered by WordPress