ایپل کمپیوٹر اور آئی فون کا موجد، بلحاظ سرمایہ دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ایپل کا بانی، ایک شامی باپ اور امریکی ماں کا بیٹا، ٹیکنالوجی کی دنیا کا صاحب بصیرت شخص جس نے کمپیوٹر اورٹیلی کمیونیکیشنز کی دنیا کو وہ بنیادی تبدیلیاں دیں جن کے اثرات کئی دہایوں تک محسوس کئے جائیں گے آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔
اس زمن میں گوگل کے وک گندوترا کے ایک نہائت عمدہ اور مختصر مضمون ‘آیکن ایمبولینس’ کا ترجمہ موقع کی مناسبت سے درج ہے
اتوار، چھ جنوری سن دو ہزار آٹھ کی صبح کا ذکر ہے کہ میں چرچ کی مذہبی رسومات میں شریک تھا کہ اچانک میرا فون جو وائبریٹ پر رکھا تھا، جاگ اٹھا، جس قدراحتیاط سے چھپتے چھپاتے ممکن تھا میں نے وائبریٹ ہوتے ہوئے فون کو دیکھا تو اس میں کال کرنے والے کا نمبر ‘شناخت نامعلوم’ تھا۔ موقع کی مناسبت سے میں نے اس کال کو نظر انداز کرنا بہتر سمجھا۔
چرچ کے بعد جب میں اپنے گھر والوں کے ساتھ گاڑی کیطرف روانہ تھا، میں نے اپنے سیل فون کی وائس میل کے پیغامات کو سننا شروع کیا۔ اسٹیو جابس نے پیغام چھوڑا تھا کہ “وک، مجھے تم سے کچھ ضروری بات کرنی ہے، کیا مجھے گھر پر کال کرسکتے ہو؟”.
گاڑی تک پہنچنے سے پہلے ہی میں نے اسٹیو جابز کا نمبر ڈائل کر دیا۔ چونکہ میں گوگل کی تمام موبائل ایپلی کیشنز کے لیے ذمہ دار تھا اس لئے اس کردار میں میرا اسٹیو کے ساتھ باقاعدگی سےرابطہ رہتا تھا. یہ اس جاب کے فوائد میں سے ایک بڑا فائدہ تھا!
اسٹیو –میں وک بات کر رہا ہوں ، میں نے کہا. مجھے افسوس ہے کہ میں نے آپ کی کال کا پہلے جواب نہیں دیا، میں اس وقت چرچ میں تھا ، اور کالر آئی ڈی نامعلوم آئی تو میںنے فون نہیں اٹھایا۔
سٹیو ہنستے ہوئے بولے، وک ، اگر تم چرچ میں ہو تو جب تک کہ فون کرنے والے کی کالر آئی ڈی خدا کی طرف سے نا ہو، فون نا اٹھانا ہی درست فیصلہ ہے۔
میں کھسیانی سی ہنسی ہنسا کیونکہ اسٹیو کا اتوار کے دن کال کرنا اور مجھ سے اپنے گھر پر کال واپس کرنے کو کہنا غیر معمولی تھا، وہ عموما کام کے دنوں میںہی رابطہ کیا کرتا تھا، چھٹی والے دن نہیں، میں حیران تھا کہ کیا اتنی اہم بات ہو سکتی ہے۔
وک، ایک ضروری مسئلہ ہے جس کو فورا حل کرنے کی ضرورت ہے، میں نے پہلے ہی اپنی ٹیم سے کسی شخص کوآپ کی مدد کرنے کے لئے متعین کر دیا ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ بھی اپنی طرف سے اس مسئلے کو کل تک حل کر سکتے ہیں۔ اسٹیو نے کہا۔
دراصل میں آئی فون پر گوگل کے لوگو کے آیکن سے خوش نہیں ہوں۔ گوگل کے لوگو میں دوسرا او صحیح طریقے سے پیلے رنگ کو تدریجی طور پر نہیں دکھا رہا. یہ درست نہیں ہے اور میں گریگ سے اسے درست کرنے کے لئے کہ رہا ہوں، تمہیں کوئی اعتراض تو نہیں
بلکل نہیں,یقینا مجھے کیا اعتراض ہو سکتا تھا۔ ۔ چند منٹ بعد میں سٹیو کی طرف سے آئکن ایمبولینس کے نام کی ایک ای میل موصول ہوئی ہے. ای میل میں مجھے گریگ کرسٹی کے ساتھ آئکن کی درستگی کے لئے کام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی.
میرا ایپل کمپیوٹرز سے اس وقت سے تعلق ہے جب سے میں گیارہ برس کا تھا، ایپل کی مصنوعات کی تعریفوںکے لئے میرے پاس درجنوں واقعات ہیں، ایپل کئی دہائیوں سے میری زندگی کا ایک حصہ رہا ہے. یہاں تک کہ جب میں نے بل گیٹس کے لیے مائیکروسافٹ میں 15 سال کام کیا ، تب بھی میںاسٹیو جابس اور ایپل کی مصنوعات کا دلی قدر دان تھا۔
لیکن جب بھی میں قیادت، جزئیات پر توجہ اور جذبے کے بارے میں سوچتا ہوں تو مجھے جنوری میں اتوار کی صبح سٹیو جابس کی کال یاد آجاتی ہے، یہ ایک ایسا سبق ہے جو میں زندگی بھر نہیں بھول سکتا ۔ ایک کامیاب سی ای او کو جزئیات کا ہمیشہ خیال ہوتا ہے، چاہے وہ لوگوکے پیلے رنگ کی تدریج ہی کیوں نا ہو، اور دن اتوار کا ہی کیوں نا ہو.
اسٹیو کے نام، ایک بڑے رہنما اور لیڈر کے نام ، میری دعائیں اور نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں