فراز تیرے جنوں کا خیال ہے ورنہ عدنان مسعود کی سخن آرایاں۔ دروغ برگردن قاری

July 9, 2012

قصہ اردو بلاگران کے ساتھ ایک شام کا

Filed under: پاکستان,سفر وسیلہ ظفر,طنزومزاح — ابو عزام @ 12:20 am

ایک عرصہ دراز سے یہ تحریر ڈرافٹ کے خانے میں پڑی تھی تو سوچا اس کو  ملاقات کی سالگرہ سے قبل شائع کردیا جاے۔  تاخیر کی معذرت۔

میر امن نے کیا خوب کہا کہ سچ ہے جب کچھ بن نہیں آتا۔ تب خدا ہی یاد آتا ہے نہیں تو اپنی اپنی تدبیر میں ہر ایک لقمان اور بو علی سینا ہے۔۔ خصوصا ۲۲ نومبر کی شب ایک بجے ناگن چورنگی کے پچھواڑے ایک دیوان عروسی میں جہاں پیر مرد راشد کامران نے یہ مقرّر کیا کہ تبدیلی اوقات کے ساتھ وہ پرسوں سات سمندر کے سفر پر روانہ ہو جاویں گے۔ فقیر بولا قبلہ حاجی صاحب، ایسی بھی کاہے کی جلدی، ٹک دم تو لو، ابھی مکے مدینے اور ابھی شہر فرشتگاں،  تو یکدم بولے کہ جی تو  بہت چاہتا ہے کہ روشنیوں کے شہر میں کچھ وقت اور بتاوں پر ظالم پیٹ ہر ایک کے ساتھ لگا ہے۔ فقیر بولا یہاں مملکت  بلاگستان کے ساتھی تیری جھلک دیکھنے کو ترستے ہیں اور تو بنا درشن کوچ کا قصد کرتا ہے۔ اس دہائ پر یوں گویا ہوے کہا کہ اگر قصد ملاقات احباب ریختہ  کا دل میں مقرر رکھتے ہو تو جلد کچھ ترکیب کرو۔ میں نے کہا اسی وقت میں درویش ابو شامل کے پاس برقی خط بذریعہ چہرہ کتاب لے جاتا ہوں اور خدا چاہے تو پھر جواب لاتا ہوں۔ آخر رخصت ہو کر اور فضل الٰہی پر  نظر رکھ اس سمت کو چلا۔

 اب خدا کے کارخانے کا تماشا سنو۔ ہماری قسمت نے یاوری کی اور درویش ابوشامل نے سبک دستی سے سب انتظام کیا، اوراگلی شام مطعم کراچی فوڈز میں خاطر احباب کا التزام رکھا۔اس درویش مرد کے  سب سے روابط اور یاداللہ کے سبب افکار میں قطبین کے فاصلے کے لوگ حب اردو و تبادلہ خیال کو ایک میز پر جمع ہوے  اور سب ہی مدعی تھے کہ

 گفتگو ریختے میں ہم سے نہ کر
یہ ہماری زبان ہے پیارے

اب اس محفل کا حال نا پوچھو۔ کیا اہل علم جمع تھے۔ ماجرا میں نے بہ چشمِ خود دیکھا اور خدا کی قدرت کو یاد کیا کہ ایسے ایسے بندے پیدا کیئے ہیں۔ کیا ہوا جو سماجی مہارتوں میں ید طولی نہیں رکھتے، پلاو و زردہ و بریانی سے انصاف مگر برابر کا روا رکھتے ہیں۔

برادرم شعیب صفدر اور فہیم اسلم نے نہایت انہماک سے عمار ابن ضیا کی تقریر سنی جس میں انہوں نے جامعہ میں سی آر بننے کے فوائد پر روشنی ڈالی ۔

اسی دوران محمد اسد نیپکن سے طیارہ بنانے کی مشق کرتے رہے۔

درویش نے پیر مرد راشد کامران کاشعیب صفدر سے تعارف کروایا جس میں شعیب صاحب کی روایتی گرمجوشی، برادر فہد کا استفہامیہ اور ہمارا خالی پلیٹ ہونا قابل ذکر ہے

کھانے کے آمد ہوئی تو کچھ دل کو تسلی ہوئی، ابوشامل درویش کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر گئی۔ اسی دوران ہم لوگ اس بات پر گفتگو کر رہے تھے کہ روزا پارکس کے سیٹ نا چھوڑنے کے فیصلے سے محترمہ عنیقہ ناز کے بلاگ پر بلاواسطہ کیا اثرات مرتب ہوے نیز کیا اس زمانے میں شعیب صفدر سول رائٹس کا کیس بلا معاوضہ لڑنے میں دلچسپی رکھتے۔

کھانے کے انتظار کے باعث غیر حالت ہونے پر یہاں یہ ذکر تھا کہ اگر حکم ہو تو شہزادہ عالمیان،  برادرم فہیم اسلم کو باورچی کے پاس لے جاویں، اس کو ایک نظر دکھاویں، امید قوی ہے کہ جلد شفائے کامل ہو۔ اور ظاہر میں بھی یہ تدبیر اچھی ہے کہ ہر ایک مطبخ کی ہوا کھانے سے اور جا بجا کے آب و دانے سے مزاج میں فرحت آتی ہے۔

اور یہ رہی جناب اجتماعی تصویر، جہاں مشرق و مغرب کے اردو سے محبت کرنے والے جمع ہیں

دائیں سے بائیں: راقم ، ابوشامل ، راشد کامران ، عنیقہ ناز ، شعیب صفدر ، فہیم اسلم ، محمد اسد اور عمار ابن ضیا

 نہیں کھیل اے داغ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے

Share

19 Comments »

  1. جناب عالی ! ذرا آخری تصویر کے افراد کا نام بہ نام دائیں سے بائیں طرز کا تعارف تو کروا دیتے ۔۔۔

    Comment by حیدرآبادی — July 9, 2012 @ 2:10 am

  2. بہت خوب
    اور بلاگ پر شایع کر کے ہمیں غائبانہ طور پر شامل کرنے کا بھی شکریہ
    حیدرآبادی صاحب کی طرح ہماری بھی فرمائش ہے کہ خواتین و حضرات جو اس تصویر میں ہیں کہ نام بتائے جاویں

    Comment by علی — July 9, 2012 @ 2:17 am

  3. میرا خیال ہے میں نے کچھ کچھ پہچان لیا ہے ۔۔۔
    دائیں سے بائیں :
    عدنان مسعود ، ابوشامل ، راشد کامران ، عنیقہ ناز ، شعیب صفدر ، فہیم اسلم ، محمد اسد اور عمار ابن ضیا

    Comment by حیدرآبادی — July 9, 2012 @ 2:49 am

  4. بلکل درست برادرم حیدرآبادی، یہی ترتیب ہے۔

    Comment by ابو عزام — July 9, 2012 @ 5:59 am

  5. غائبانہ تعارف اور ملاقات کے چیدہ چیدہ معاملات کے بارے میں بتانے پر ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔۔۔

    Comment by عمران اقبال — July 9, 2012 @ 5:12 am

  6. تبصرے و آمد کا شکریہ محترم

    Comment by ابو عزام — July 9, 2012 @ 6:00 am

  7. شاید آپ نے مقولہ پڑھ رکھا ہے “دیر آیَد درست آیَد”۔ شروع شروع میں پڑھتے خیال ہوا کہ اُنیسویں صدی کی اردو کی کتاب ہاتھ لگ گئی ہے ۔

    Comment by افتخار اجمل بھوپال — July 9, 2012 @ 5:21 am

  8. تبصرے کا شکریہ اجمل صاحب، باغ و بہار کے اثرات دیر تک رہتے ہیں۔

    Comment by ابو عزام — July 9, 2012 @ 6:01 am

  9. اس کا اردو زبان میں ترجمہ کب کریں گے اب؟

    Comment by شعیب صفدر — July 9, 2012 @ 5:51 am

  10. اگلی ملاقات کے فورا بعد 🙂

    Comment by ابو عزام — July 11, 2012 @ 6:32 am

  11. “کیا ہوا جو سماجی مہارتوں میں ید طولی نہیں رکھتے، پلاو و زردہ و بریانی سے انصاف مگر برابر کا روا رکھتے ہیں”
    “دیر آید و چہ خوب آید” 🙂
    ہماری تو آنکھیں پتھرا گئی تھیں، اس تحریر کا انتظار کرتے کرتے۔ پھر یہ سوچ کر خاموش ہو گئے کہ شاید دعوت اس قابل نہ تھی کہ اس پر تبصرہ کیا جاتا۔ بہرحال، عرصہ بعد کئی یادیں تازہ ہوئیں۔ گو کہ ملاقات بہتر مختصر تھی اور کئی پہلو تشنہ رہ گئے لیکن پھر بھی اک یادگار ملاقات رہی۔ ان شاء اللہ پھر کبھی موقع ملا تو اک طویل نشست رکھیں گے

    Comment by ابوشامل — July 10, 2012 @ 12:23 am

  12. تاخیر کی معذرت فہد بھائ
    درویش کامل، ابوشامل آپ کے خلوص، محبت اور سبکدستی سے اس دعوت کے انتظام کا تو زمانہ معترف ہے۔ انشاللہ دوبارہ ملتے ہیں، یار زندہ صحبت باقی۔

    Comment by ابو عزام — July 11, 2012 @ 6:34 am

  13. بہت خوب۔۔۔۔۔۔ آپکی تحریر پر مجھے مرزا غالب کے خطوط کا گمان ہوتا ہے۔
    اتنے مختلف الخیال لوگوں کو ایک میز پر بٹھانا بذات خود ایک کارنامہ ہے۔

    Comment by ڈاکٹر جواد احمد خان — July 10, 2012 @ 1:30 pm

  14. جواد صاحب، زرہ نوازی ہے ورنہ مرزا نوشہ کہاں اور یہ حقیر پرتقصیر بلا فن و صلاحیت کہاں، چربہ و سرقہ کی مسلم صلاحیت البتہ رکھتے ہیں
    اور یہ مختلف الخیال لوگوں کو ایک میز پر بٹھانا درحقیقت پیر کامل ابوشامل کا کارنامہ ہے، بس خیمہ الحاد سے مکی کی شمولیت کی کثر رہ گئی ورنہ وہ بھی آ ہی جاتے۔

    Comment by ابو عزام — July 11, 2012 @ 6:39 am

  15. اعلی نثر لکھی ہے جناب۔
    اور چند فقرے خوب کسے اور ٹُھکے ہوئے ہیں۔
    اگر ایک سال بعد آپ کی تحریر پڑی پڑی ایسی ہوجاتی ہے تو ہر پوسٹ لکھنے کے سال بعد ہی چھاپا کریں۔
    😀

    Comment by جعفر — July 10, 2012 @ 10:08 pm

  16. برادرم جعفر، اس “عزت افزائ” پر بندہ مشکور ہے۔ ویسے تحریر کو پال لگانا یوسفی سے مخصوص ہے ، ہماری باری میں تو محض پروکریسٹینیشن آڑے آ رہی تھی۔

    Comment by ابو عزام — July 11, 2012 @ 6:42 am

  17. وہ لکھیں اور پڑھا کرے کوئی
    فہد بھائ کا ایک دفعہ پھر شکریہ کہ اس ملاقات کا انتظام کیا ۔

    Comment by راشد کامران — July 12, 2012 @ 3:16 pm

  18. شکریہ، ہم تو سمجھے تھے کہ ارادہ موقوف کر دیا۔ مختصر ملاقات پہ اگر خطوط غالب کی جھلک آتی ہے تو طویل پہ تو دیوان غالب منظر عام پہ آنےکی نوید ہے۔ ابو شامل کا شکریہ اک انہوں نے نہ صرف ملاقات کا اتظام کیا بلکہ طعام کا بھی۔ سچ ہے مرد کے دل کا راستہ کھانے سے ہو کر گذرتا ہے۔

    Comment by Aniqa Naz — August 4, 2012 @ 11:41 pm

  19. شائد عنیقہ کہنا چاہ رہی تھیں کہ مرد کے دل کا راستہ معدے سے ہو کر گزرتا ہے۔
    اور عورت کا کانوں سے
    🙂

    Comment by فیصل — August 10, 2012 @ 8:27 am

RSS feed for comments on this post. TrackBack URL

Leave a comment

Powered by WordPress