ایلن ٹیورنگ ایک برطانوئ ریاضی دان، منطقیات کا ماہر اور آج کی اصطلاح کے مطابق ایک کمپیوٹر سائنسدان تھا۔ اس نے کمپیوٹر سائنس کی تخلیق و ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ الگارتھم اور جدید کمپیوٹرائزڈ حسابیات کو ٹیورنگ مشین کی مدد سے حل کرنے کا نظریہ، جسے نظریاتی کمپیوٹر سائینس کی اساس قرار دیا جاتا ہے، اسی کے ذہن کی پیداوار ہے۔
عمومی طور پر ٹیورنگ کا سب سے بڑا کارنامہ دوسری جنگ عظیم میں اتحادیوں کے لیے جرمنوں کے خفیہ پیغامات کو توڑنے کی مشین ایجاد کرنا سمجھا جاتا ہے۔ جرمنوں کے خفیہ پیغامات ارسال کرنے کے لیے کرپٹاگرافی کا سہارا لیا اور ایک مشین اینگما کے نام سے ایجاد کی جو کہ جنگی پیغامات کو خفیہ طور پر لکھ کر منزل مقصود پر اپنی غیر خفیہ حالت میں پڑھنے میں ممد و معاون ثابت ہوتی تھی۔ ٹیورنگ نے اپنی ذہانت سے اس خفیہ پیغام کو توڑا اور ایک مشین ایجاد کی جو کہ ایسے تمام خفیہ پیغامات کو توڑکر ان کی اصل شکل میں دکھا سکتی تھی۔ یہ ایجاد چونکہ دفاعی اہمیت کی حامل تھی لہذا اسے نہایت خفیہ رکھا گیا اورعرصہ دراز تک ایلن ٹیورنگ کا کام منظر عام پر نا آسکا۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے تن تنہا دوسری جنگ عظیم کو کم از کم دو سال مختصر کرنے میں مدد کی اور لاکھوں جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا۔
ٹیورنگ کی مشہور زمانہ مشین یہ دوسری جنگ عظیم کی خفیہ کوڈ حل کرنے والی مشین نہیں بلکہ آپ کو یہ جان کہ حیرت ہوگی کہ ٹیورنگ کی مشین درحقیقت ایک نظریاتی مشین ہے، اس کے لاامتنہای ٹیپ کے تقاضے کی وجہ سے اس کو بنانا ممکن نہیں۔ لیکن ٹیورنگ نے نظریاتی طور پر ثابت کیا کہ ایک عمومی مشین سے مختلف النواع مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ یہ مخصوص مشینوں کے دور میں ایک بہت بڑی بات تھی جب عمومی کام کی مشینوں کا کوئ تصور موجود نا تھا۔ اگر ٹیورنگ کے نظریے کو نکال دیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا کہ اکاونٹنگ کے لئے ایک طرح کا کمپیوٹر ہوتا اور ورڈ پراسسنگ کے لئے دوسری طرح کا اور ڈیزائننگ کے لئے اور طرح کا۔ وان نیومین آرکیٹیکچر کی طرح ٹیورنگ مشین نے بھی کمپیوٹنگ کی دنیا میں نہایت بنیادی تبدیلی لاتے ہوے سائنسدانوں کو اس سوچ پر قائل کیا کہ ایک عمومی مشین کا وجود ممکن ہے جو مختلف النواع کے کام کر سکتی ہے۔ یہیں سے پراگرام اور جنرل پرپس کپمیوٹر کی ابتدا ہوتی ہے۔
ٹیورنگ کی مشین دراصل اسٹیٹ مشین کی ایک قسم ہے۔ ایک ایسا نظریاتی کمپیوٹر جس میں لامحدود لمبائی کا ایک ٹیپ ہو، ایک عدد ہیڈ جو کہ دائیں اور بایئں ہل جل کر لکھ پڑھ سکتا ہو٫ اس کی مدد سے آپ جمع، تفریق اور دیگر ریاضی کے کام، کیلکولس، شماریات، منطقی مسائل غرضیکہ ہر وہ کام جو کہ ‘پراگرام’ ہو سکتا ہو حل کر سکتے ہیں۔ درحقیقت یہ مشین جدید پراگرامنگ یا اس سے پہلے کے پنچ کارڈز کی ایک ابتدائ نظریاتی شکل تھی۔